محمد نواز پر آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی ثابت، سزا سنادی گئی

ممنوعہ چیز کھیل سے باہر استعمال کی گئی اور اس کا کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہیں تھا، نواز محمد نواز کا اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف، ری ہیب پروگرام پر رضامند، عارضی معطلی ختم

جمعہ 17 جولائی 2026 23:45

لاہور /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2026ء) پاکستانی آل رائونڈر محمد نواز کو آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر معطلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے مطابق 32سالہ محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7فروری 2026ء کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بعد لیا گیا تھا، جس میں ان کے نمونے میں ممنوعہ مادہ کاربوکسی-ٹی ایچ سی کی موجودگی پائی گئی۔

محمد نواز نے ضابطے کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ یہ ممنوعہ مادہ کھیل کے دوران کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا گیا تھا بلکہ اس کا کچھ اور مقصد تھا۔اس وضاحت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے ان پر تین ماہ کی نااہلی عائد کی جس کا اطلاق یکم مئی 2026ء سے کیا گیا جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر عارضی معطلی اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی نے واضح کیا کہ اگر محمد نواز منشیات سے متعلق علاج کا مقررہ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی سزا کم ہو کر صرف ایک ماہ تصور کی جائے گی۔دریں اثناء قومی کرکٹر محمد نواز نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے ری ہیب پروگرام پر رضا مندی ظاہر کردی جس کے بعد کرکٹ کونسل نے ان کی عارضی معطلی ختم کردی۔