چیئرمین سینیٹ کی اسپین کو فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر دلی مبارکباد

نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور کھیلوں کے ٹیلنٹ کی مؤثر سرپرستی مضبوط، باصلاحیت اور ترقی یافتہ قوموں کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے،گیلانی

پیر 20 جولائی 2026 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر حکومتِ اسپین، اسپین کی قومی فٹبال ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور تمام کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران اسپین کی غیر معمولی کارکردگی، بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط، عزم اور اعلیٰ کھیل کے معیار نے انہیں عالمی چیمپئن بننے کا حقیقی حقدار ثابت کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپین نے پورے مقابلے میں شاندار مہارت، بہترین حکمتِ عملی اور غیر معمولی استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا، جو قابلِ ستائش ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں، بالخصوص لامین یامال کی غیر معمولی صلاحیتوں، شاندار کھیل اور بھرپور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور کھیلوں کے ٹیلنٹ کی مؤثر سرپرستی مضبوط، باصلاحیت اور ترقی یافتہ قوموں کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کھیل دنیا بھر کے ممالک اور عوام کے درمیان امن، باہمی احترام، دوستی، ہم آہنگی اور خیرسگالی کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسپین مستقبل میں بھی کھیلوں کے میدان میں اپنی شاندار روایات، اعلیٰ کارکردگی اور فیئر پلے کے جذبے کے ذریعے عالمی برادری کے لیے ایک مثالی کردار ادا کرتا رہے گا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسپین کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے مستقبل میں بھی مزید کامیابیوں اور بین الاقوامی سطح پر نئی فتوحات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔