باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز شاید نسل پرست ہیں، ٹرمپ کا دعوی

میں صرف انہی لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو مجھے پسند کرتے ، اس لیے میرے نزدیک مائیکل جارڈن ہی سب سے بہترین ہیں : امریکی صدر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 26 جولائی 2026 14:52

باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز شاید نسل پرست ہیں، ٹرمپ کا دعوی
واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے این بی اے چیمپئن شپ کے عظیم کھلاڑیوں مائیکل جارڈن اور لیبرون جیمز کے تقابلی سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک مائیکل جارڈن بہترین باسکٹ بال کھلاڑی ہیں، جبکہ لیبرون جیمز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ شاید نسل پرست ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران رپورٹر نے لیبرون جیمز کی فلاڈیلفیا 76 ای آر ایس سے منسلک ہونے کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ ان کے خیال میں مائیکل جارڈن اور لیبرون جیمز میں سے اب تک کا بہترین کھلاڑی کون ہے۔

اس پر ٹرمپ نے کہا کہ مائیکل جارڈن میرے دوست ہیں، میں ان کے ساتھ گالف کھیلتا ہوں، وہ بہت اچھے انسان ہیں۔ میرے خیال میں لیبرون شاید نسل پرست ہیں، یا شاید وہ مجھے پسند نہیں کرتے، مجھے نہیں معلوم۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں صرف انہی لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو مجھے پسند کرتے ہیں، اس لیے میرے نزدیک مائیکل جارڈن ہی سب سے بہترین ہیں۔ 
خیال رہے کہ لیبرون جیمز ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت ناقد رہے ہیں۔ انہوں نے 2016ء، 2020ء اور 2024ء کے صدارتی انتخابات میں بالترتیب ہلیری کلنٹن، جو بائیڈن اور کملا ہیرس کی حمایت کی تھی، 2017ء میں بھی لیبرون جیمز نے وائٹ ہاؤس دعوت کے معاملے پر ٹرمپ پر تنقید کی تھی۔