کے الیکٹرک لیبر یونین کو سی بی اے کا سرٹیفکیٹ جاری، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم

کے الیکٹرک کے محنت کشوں کے لیے آنے والا دور ترقی، استحکام اور بہتر صنعتی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا،بابرسہیل

جمعہ 24 جولائی 2026 21:00

کراچی/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2026ء) نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) ہیڈکوارٹر اسلام آباد نے کے الیکٹرک لیبر یونین کو آئندہ دو سال کے لیے اجتماعی سوداکار ایجنٹ کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔کے الیکٹرک میں سی بی اے کے تعین کے لیے 18 جولائی 2026 کو ہونے والے ریفرنڈم میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے بعد این آئی آر سی نے کے الیکٹرک لیبر یونین کو باقاعدہ طور پر سی بی اے تسلیم کرتے ہوئے سرٹیفکیٹ جاری کیا۔

اس موقع پر کے الیکٹرک لیبر یونین کے چیئرمین بابر سہیل، صدر چوہدری فیاض اور جنرل سیکریٹری شاہد محمود نے مشترکہ بیان میں محنت کشوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک لیبر یونین ایک خالص ٹریڈ یونین ہے اور اس کا کسی سیاسی جماعت، گروہ یا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونین بابائے مزدور و بانی مرحوم سید حیات شاہ کے نظریات اور فلسفے پر عمل پیرا رہتے ہوئے "لیبر یونین، سب کی یونین" کے اصول کے تحت بلاامتیاز تمام ملازمین کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

رہنماؤں نے کہا کہ محنت کشوں کے دیرینہ مسائل کا حل، ان کی معاشی خوشحالی، بہتر اور محفوظ کام کا ماحول فراہم کرنا اور کے الیکٹرک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا یونین کی اولین ترجیحات ہیں۔چیئرمین بابر سہیل نے کہا کہ محنت کشوں کے تمام قانونی حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ اور ان کی عزتِ نفس کی بحالی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونین اپنے منشور کے مطابق جلد ہی کے الیکٹرک انتظامیہ کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی تاکہ ملازمین کے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جا سکیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کے الیکٹرک کے محنت کشوں کے لیے آنے والا دور ترقی، استحکام اور بہتر صنعتی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔