کنگنا رناوت کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ،ترجمان کاکروچ جنتا پارٹی کی جنریشن زی کو گٹر قرار دینے پر اداکارہ پر تنقید

جمعرات 30 جولائی 2026 11:31

کنگنا رناوت کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ،ترجمان کاکروچ جنتا پارٹی کی  جنریشن ..
نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) کاکروچ جنتا پارٹی( سی جے پی) کے ترجمان سوروداس نے جنریشن زی کو جنریشن گٹر قرار دینے پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتا ہوئے کہا ہے کہ ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اداکارہ سے سیاستدان بننے والی گنگنا رناوت نے نیٹ پیپر لیک معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی( سی جے پی) کی زیر قیادت اتحاد کو نشانہ بناتے ہوئے اپنے انسٹا گرام پر سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئےجنریشن زی کو جنریشن گٹر قرار دیا تھا ۔

کنگنا کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے سی جے پی کے ترجمان سوروداس نے کہا کہ کنگنا رناوت بدزبانی کر رہی ہے اور ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کنگنا رناوت نے نوجوانوں کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ زبان ایک ایسا شخص کبھی بھی استعمال نہیں کر سکتا جس کی ذہنی حالت ٹھیک ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی وڈیوز موجود ہیں جن میں کنگنا رناوت کو اپنے حلقے میں لوگوں سے ملاقات کے دوران یہ الفاظ کہتے ہوئے سنا جاسکتاہے۔

آپ لوگ تو بہت کام کراتے ہو، مجھے تو لگا تھا کہ ایم پی بن کے زیادہ کام نہیں ہوگا لیکن یہاں تو مجھے روز کام کرنا پڑتا ہے۔ سابق اداکارہ نے طلبا کے احتجاج میں حصہ لینی والی خواتین پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ نام نہاد مغرب زدہ بھارتی خواتین کی نئی نسل ہے جسے میں جنریشن گٹر کہتی ہوں ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کانگریس، سماج وادی پارٹی وغیرہ نے بھی کنگنا رناوت کے ان ریمارکس پر کڑی تنقید کی تھی۔