طبی مراکز میں ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار پرسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ڈاکٹر یاسر طاہر

جمعہ 31 جولائی 2026 20:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے پاک عمان ہسپتال پسنی، سول ڈسپنسری ریک پشت اور بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) ببر شور کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران ڈاکٹر یاسر طاہر نے صحت مراکز میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کے ذخیرے، طبی آلات، عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے مریضوں اور مقامی افراد سے بھی ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل معلوم کرتے ہوئے ان کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے طبی عملے پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں، مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور سرکاری اوقات کار کے دوران عوام کو بلا تعطل معیاری طبی سہولیات فراہم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ طبی مراکز میں ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور علاج معالجے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈاکٹر یاسر طاہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت گوادر دور افتادہ علاقوں تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، بنیادی مراکز صحت کی فعالیت میں بہتری اور عوام کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے جاری مانیٹرنگ اور مسلسل فیلڈ وزٹس کے باعث صحت مراکز کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے، جبکہ عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا سلسلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے۔