عوام کو معیاری، بروقت اور بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، ڈاکٹر مرشد دشتی

جمعہ 31 جولائی 2026 20:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2026ء) ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) گھٹی دور کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران انہوں نے عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی سائٹ، ایم این سی ایچ سینٹر، ادویات کے دستیاب ذخیرے، طبی آلات، مریضوں کے اندراج، صفائی کی صورتحال اور دیگر انتظامی و طبی ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

انہوں نے صحت مرکز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں دستیاب علاج معالجے کی سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر ڈاکٹر مرشد دشتی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بنیادی صحت کے نظام کو مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی کا بنیادی مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری، بروقت اور بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ہر شہری کو بہتر علاج کی سہولت میسر آ سکے۔انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں، مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور علاج معالجے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور صحت مراکز کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی جاری رہے گی، جبکہ غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی ایچ آئی بلوچستان حکومتِ بلوچستان کی صحت عامہ سے متعلق پالیسیوں پر مؤثر انداز میں عمل کرتے ہوئے ضلع گوادر کے شہری اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط بناتی رہے گی۔