موٹر وے ایم-8 پر خوفناک حادثہ، دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

وین اور کار میں تصادم، 10 افراد زخمی؛ ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری حادثے کی ممکنہ وجہ قرار

جمعہ 31 جولائی 2026 21:40

شہدادکوٹ/سجاول جونیجو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2026ء) موٹر وے ایم-8 پر سجاول جونیجو کے قریب وین اور کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو معصوم بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔موٹروے حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری کے باعث وین اور کار آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔حکام نے موٹر وے استعمال کرنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار مقررہ حد میں رکھیں اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔