شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، ڈاکٹر مرشد دشتی

پیر 3 اگست 2026 20:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی صحت عامہ سے متعلق پالیسی کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (M&E) آفیسر صابر حیاتان کے ہمراہ بنیادی مراکزِ صحت (BHU) چب کلمتی، نگور شریف اور مونڈی کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے طبی و پیرامیڈیکل عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی سائٹس، ادویات کے ریکارڈ، طبی سہولیات کی دستیابی اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ مراکزِ صحت کو ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں تاکہ مقامی آبادی کو علاج معالجے کی سہولیات میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مرشد دشتی نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں بہترین طبی خدمات فراہم کریں، ادویات کا شفاف ریکارڈ برقرار رکھیں اور حفاظتی ٹیکہ جات سمیت تمام قومی صحت پروگراموں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومتِ بلوچستان صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، بنیادی مراکزِ صحت کو فعال رکھنے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ پی پی ایچ آئی گوادر بھی اسی وژن کے تحت صحت کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل نگرانی اور اصلاحی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔