گوادر میں بنیادی صحت سہولیات بہتر بنانے کا عزم، ڈی ایچ او کا رورل ہیلتھ سینٹرز کا دورہ اور معائنہ

طبی عملے کی حاضری، ادویات اور مریضوں کی سہولیات کا جائزہ، معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 3 اگست 2026 22:20

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت گوادر متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) سربندن اور سول ڈسپنسری شمبے اسماعیل کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے طبی و پیرا میڈیکل عملے کی حاضری، او پی ڈی سروسز، ادویات کی دستیابی، صفائی کی صورتحال، طبی آلات کی فعالیت اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، معیاری اور خوش اخلاقی پر مبنی طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے مکین بھی بہترین طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسر طاہر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی، ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل و تجاویز سن کر موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری مراکز صحت کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ صحت عامہ کی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر کی موثر نگرانی، مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ اور انتظامی کاوشوں کے باعث ضلع گوادر میں سرکاری طبی مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے، طبی عملے کی جوابدہی بڑھانے اور عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں، جو محکمہ صحت کی بہتر گورننس اور عوامی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے مطابق ضلع گوادر کے شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری، بروقت اور بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا