ایم ایس علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا مختلف شعبہ جات کا دورہ

منگل 4 اگست 2026 15:58

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2026ء) علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال (اے آئی ایم ٹی ایچ) سیالکوٹ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر عبدالرحمن طارق چوہدری اور ڈائریکٹر ٹراما سینٹر و انچارج ایڈمن ڈاکٹر انیل کمار نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

منگل کو دورے کے دوران دونوں افسران نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت، معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرحمن طارق چوہدری نے کہا کہ مریضوں کی خدمت اولین ترجیح ہے اور ہسپتال میں علاج، صفائی اور نظم و ضبط کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ڈاکٹر انیل کمار نے بھی متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں نظم و نسق کو مزید بہتر بنایا جائے، مریضوں اور ان کے لواحقین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں ایمرجنسی سمیت تمام یونٹس میں خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔