پنجاب یونیورسٹی اور نظر بایف یونیورسٹی، قازقستان کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے لئے معاہدہ

جمعہ 7 اگست 2026 22:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) پنجاب یونیورسٹی اور قازقستان کی نظر بایف یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی، تدریسی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں خصوی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، نظر بایف یونیورسٹی، قازقستان کے پروفیسر ڈاکٹر ریحان صادق، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجزپروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان و دیگر نے شرکت کی۔

معاہدے کے مطابق دونوں جامعات باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دیں گی، تدریس اور تحقیق کے لیے اساتذہ، سکالرز اور محققین کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی کریں گی، طلبہ کے باہمی تبادلہ پروگرام شروع کریں گی، جبکہ مشترکہ طور پر تربیتی پروگرامز، ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسوں کا انعقاد بھی کریں گی۔

(جاری ہے)

لیٹر آف انٹینٹ کے تحت دونوں ادارے متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی منظوری سے مشترکہ ڈبل ڈگری پروگرامز سمیت مختلف تعلیمی ڈگری پروگرامز کے لیے آرٹیکولیشن پاتھ ویز کا بھی جائزہ لیں گے۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی شراکت داریاں تحقیقی معیار، اختراع اور عالمی روابط کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نظر بایف یونیورسٹی ، قازقستان کے ساتھ یہ اشتراک دونوں جامعات کے اساتذہ، محققین اور طلبہ کے لیے نئے تعلیمی و تحقیقی مواقع پیدا کرے گا۔