آزادکشمیرالیکشن،تیسرے مرحلے کیلئے انتخابی مہم کا آج آخری دن

ہفتہ 8 اگست 2026 23:21

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2026ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے کیلئے انتخابی مہم کا آج(اتوارکو) آخری روزہے اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے تیسرے مرحلے میں پولنگ 10 اگست کو ہوگی۔پونچھ ڈویژن کے 4 میں سے 2 اضلاع کے 4 حلقوں پر انتخابات ہوں گے۔ ضلع باغ اور حویلی کہوٹہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 60 ہزار 371 ہے۔

ضلع باغ اور حویلی کہوٹہ میں خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 707 جبکہ مرد رجسٹرڈ ووٹرز 2 لاکھ 38 ہزار 664 ہے۔ ضلع باغ اور حویلی کہوٹہ میں مجموعی طور پر 803 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ایل اے 14 باغ 1کیلئے دھیر کوٹ میں سردار عتیق کا مقابلہ سردار ساجد اقبال سے ہو گا۔مسلم لیگ ن کے راجہ فیصل آزاد، پی پی کے راجہ مبشر اعجاز بھی میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

ایل اے 14 میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 21 سے زائد ووٹرز کیلئے 214 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ایل اے 15 باغ 2کی نشست کیلئے مشتاق احمد منہاس، ضیاالقمر، ڈاکٹر محمد خان، سردار تنویر الیاس کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ایل اے 15 میں 1 لاکھ 14 ہزار سے زائد ووٹرز کیلئے 213 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ایل اے 16، باغ 3 ،شرقی میں ن لیگ کے سردار میر اکبر، پی پی کے قمر الزمان کے درمیان کانٹے کا جوڑ پڑے گا۔

ایل اے 16 میں 1 لاکھ 6 ہزار سے زائد ووٹرز کیلئے 186 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ ایل اے 17 ،باغ 4 ،حویلی میں پی پی فیصل ممتاز راٹھور اور ن لیگ کے چوہدری محسن عزیز، خواجہ طارق سعید کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ایل اے 17 میں 1 لاکھ 17 ہزار سے زائد ووٹرز کیلئے 190 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پونچھ ڈویژن 2 اضلاع پر مشتمل 7 حلقوں کے انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔