حکومت تمام کھیلوں کے سینیئرزوجونیئرز کھلاڑیوں کو بھرپور پروموٹ کرے گی، رانا سکندرحیات

جمعرات 13 اگست 2026 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نشتر پارک جمنیزیم ہال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے زیر اہتمام جشن آزادی چیمپئن فائٹ میں شریک کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور مکس ڈبلز کا میچ بھی دیکھا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن مدثر ریاض ملک نے وزیر تعلیم کو ایونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اختتامی تقریب سے قبل مکس ڈبلز اور گرلز ڈبلز کے مقابلے کھیلے گئے۔ سیکرٹری ایجوکیشن مدثر ریاض ملک اور محمد زوہیب نے انٹرنیشنل گرلز کھلاڑیوں کے ساتھ میچ میں حصہ لیا، جبکہ نمائشی میچ میں انٹرنیشنل بیڈمنٹن پلیئرز الجا طارق اور عمامہ عثمان نے مدثر ریاض ملک کے خلاف میچ کھیل جبکہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کھلاڑیوں میں کیش پرائز تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں نے وزیر تعلیم سے ہر ماہ اسی نوعیت کے ایونٹس منعقد اور اسپانسر کرنے کی اپیل کی، جس پر رانا سکندر حیات نے ہر ماہ ٹورنامنٹس کروانے کا اعلان کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولز اور کالجز نے ہمیشہ کھیلوں کی نرسری کے طور پر کام کیا ہے، حکومت تمام کھیلوں کے سینئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں کو بھرپور پروموٹ کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔