عشرہ رحمت العالمینؐ کی مناسبت سےضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام تیسراسالانہ ضلعی مقابلہ حسن قرأت اختتام پذیر ہو گیا

پیر 17 اگست 2026 20:48

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) عشرہ رحمت العالمینؐ کی مناسبت سےایبٹ آبادکی انتظامیہ کے زیر انتظام تیسراسالانہ ضلعی مقابلہ حسن قرأت اختتام پذیر ہو گیا ۔ذیشان اختر نے اول ،پوسٹ گریجویٹ کی طالبہ ماریہ بی بی نے دوسری اور حویلیاں کے قاری خلیل الرحمٰن نے تیسری پوزیشن حاصل کی ،جن کے ڈویژنل مقابلے 20 اگست کو ہوں گے۔

پیر کے روز ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں عشرہ رحمت العالمینؐ کے تیسرے مقابلہ حسن قرأت ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں منعقد ہوا ۔مقابلہ میں ضلع کے سرکاری و پرائیویٹ سکولز، مدارس اور کالجز کے 60 طلبہ وطالبات نے شرکت کی ۔قرأت کے مقابلہ کے اختتام پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ون کامران شاہ نے پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور مقابلہ میں شریک تمام کو تعریفی سند بھی دی اور پوزیشن ہولڈر کو مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر بشری مسرور ،فوکل پرسن مظہر محمود ،ہزارہ اباسین آرٹس کونسل کے ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب احمد بھی شریک تھے۔ججز کے فرائض مفتی سیف الرحمن ،قاری عبد الستار شاہ ،مفتی عبدالصبور ہاشمی نے سر انجام دیئے ۔اسی عشرہ کی مناسبت سے نعت خوانی کا مقابلہ (کل)بروز منگل ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ہوگا،جس میں ضلع بھر کے نعت خواں شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :