ننکانہ صاحب: 9 سالہ بچی کے اغواء اور قتل میں ملوث 3 ملزمان مبینہ مقابلے میں ہلاک

جمعہ 21 اگست 2026 21:57

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2026ء) 9 سالہ بچی کو اغوا کرکے زیادتی کے بعد قتل کرنے والے 3 ملزمان مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کے تھانہ صدر کی حدود میں ڈکیتی کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے ملزمان کا سی سی ڈی سے مبینہ مقابلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، سی سی ڈی ٹیم نے تعاقب کیا۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان کے نام ہارون، علی حسنین اور عاکف بتائے جارہے ہیں۔ ہلاک ملزمان ننکانہ میں چند روز قبل 9 سالہ رفعت فاطمہ کے اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ تین ساتھی اندھیرے میں فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ شہریوں نے سی سی ڈی ٹیم کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔