ایسے حالات پیدا ہو گئے تھے بانی کو شفا ہسپتال لاناممکن نہیں رہا تھا، طارق فضل چوہدری

بانی کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہ کرنا بھی سپریم کورٹ کے فیصلے میں شامل تھا، عمران خان کے علاج کے حوالے سے غفلت نہیں برتیں گے ،وفاقی وزیر پارلیمانی امور

جمعہ 21 اگست 2026 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ایسے سیکیورٹی ایسے حالات پیدا ہو گئے تھے کہ بانی کو شفا ہسپتال لاناممکن نہیں رہا تھا، ڈاکٹرز کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا اور وہاں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ ہوا۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 20اگست کو بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال لانے کی تمام تیاری مکمل کی گئی، ڈاکٹرزکا بورڈ تشکیل دیا گیا شفا ہسپتال میں سیکیورٹی انتظامات بھی کر لئے گئے تھے ،حالات اور واقعات ایسے بنے کہ بانی پی ٹی آئی کو پمز لے جانا پڑا، بانی کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ نہ کرنا بھی سپریم کورٹ کے فیصلے میں شامل تھا، ہم نے بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی سے متعلق کوئی رسک نہیں لیا، حکومت نے اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بغیر ہی بانی کو گزشتہ ماہ کے دوران 6بار ہسپتال لاچکے ہیں، بہترین میڈیکل سہولیات کیساتھ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ اور علاج ہوا، بانی کے علاج کے حوالے سے حکومت کی کبھی غیرذمہ دارانہ پالیسی نہیں رہی، بانی پی ٹی آئی بالکل صحت مند ہیں، ان کے علاج کے حوالے سے کوئی غفلت نہیں برتیں گے، تحریک انصاف نے جو بات کی ہے حقائق کے منافی ہے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کررہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔