لاہور،بھانجے کی سفارش کرنا سب انسپکٹر کو مہنگا پڑ گئی،حوالات میں بند

سب انسپکٹر جنید پر اپنی بہن کے ہمراہ تھانے میں گھس کر بھانجے کو چھڑوانے کا الزام عائد کیا گیا

ہفتہ 22 اگست 2026 12:38

لاہور،بھانجے کی سفارش کرنا سب انسپکٹر کو مہنگا پڑ گئی،حوالات میں بند
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2026ء) لاہور میں بھانجے کی سفارش کرنا سب انسپکٹر کو مہنگا پڑ گیا، سب انسپکٹر جنید کو بہن سمیت تھانہ کوٹ لکھپت کی حوالات میں بند کردیا گیا۔کوٹ لکھپت پولیس نے دونوں بہن بھائیوں کے خلاف انویسٹی گیشن ونگ کے سب انسپکٹر محمد اکبر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے میں سب انسپکٹر جنید پر اپنی بہن کے ہمراہ تھانے میں گھس کر بھانجے کو چھڑوانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں باوردی سب انسپکٹر جنید اور اس کی بہن پر اہلکاروں سے دست و گریباں ہونے اور گالیاں دینے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق حوالات میں بند سب انسپکٹر جنید کے بھانجے زین علی عرف سورج کے خلاف مقدمہ نمبر 4174/26 زیر دفعہ 440، 147 اور 148 درج تھا۔ انویسٹی گیشن پولیس تھانہ کوٹ لکھپت نے نامزد ملزم زین علی عرف سورج کو گرفتار کیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق جنید احمد سب انسپکٹر انویسٹی گیشن ونگ ہیڈکوارٹر میں تعینات ہے۔ مقدمہ اختیارات سے تجاوز، کارِ سرکار میں مداخلت اور پولیس پر حملہ کرنے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔