چیئرمین ڈیڈک و ایم پی اے افتخار احمد خان نے بانڈہ صاحب خان تا کوکل سڑک کی تعمیرِنو کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پیر 24 اگست 2026 19:50

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اگست2026ء) چیئرمین ڈیڈک ایبٹ آباد و ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد خان نے ممبر قومی اسمبلی علی اصغر خان کے ہمراہ اپنے حلقہ نیابت پی کے۔ 44 میں بانڈہ صاحب خان تا کوکل برسین سڑک کی تعمیر نو کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ 53 کروڑ روپے کی لاگت کے اس منصوبے سے بانڈہ صاحب خان، بانڈی قاضیاں، رحمان آباد، دوھوبیاں، برسین، کوکل اور گجل کے علاقوں کے رہائشی آمد و رفت کی بہترین سہولت سے مستفید ہوں گے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز تکیہ برسین کے مقام جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تحریک انصاف کے تحصیل صدر احمد نواز خان، سیاسی قائدین، علاقہ معززین، پارٹی ورکرز اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈیڈک افتخار احمد خان نے کہا کہ حلقے میں پسماندگی کے خاتمے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی سمیت بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

بانڈہ صاحب خان تا کوکل روڈ کی بہتری یہاں کے رہائشیوں کی دیرینہ خواہش تھی جو کہ آج پوری ہوگئی۔ چیئرمین ڈیڈک افتخار احمد خان نے کہا کہ حلقے کی ترقی اور شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے مزید منصوبوں پر کام جاری ہے جو کہ جلد پایہِ تکمیل کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیاء کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

حلقے کی ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی اسی سرعت سے جاری رہے گا۔ ممبر قومی اسمبلی علی اصغر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف عوامی فلاحی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ حلقے کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ اس سے قبل چیئرمین ڈیڈک و ایم پی اے افتخار احمد خان اور ایم این اے علی اصغر خان نے بانڈہ صاحب خان کے مقام پر سڑک کی تعمیر نو کے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی