اسلام آباد کے بڑے سرکاری ہسپتال پولی کلینک میں فائر سیفٹی کے مکمل انتظامات نہ ہونے کا انکشاف

مرکزی کچن کے قریب گیس لیکیج کی بھی نشان دہی‘ پولی کلینک میں آٹومیٹک فائر ڈیٹیکشن اور مینوئل فائر الارم سسٹم اور ہنگامی راستے موجود نہیں . کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی فائر آڈٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 27 اگست 2026 20:09

اسلام آباد کے بڑے سرکاری ہسپتال پولی کلینک میں فائر سیفٹی کے مکمل انتظامات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 اگست ۔2026 ) پمز ہسپتال کے بعد اسلام آباد کے بڑے سرکاری ہسپتال پولی کلینک میں بھی فائر سیفٹی کے مکمل انتظامات نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) فائر آڈٹ میں 34 فائر اور لائف سیفٹی خامیوں کی نشان دہی کی گئی ہے. پولی کلینک کی آڈٹ رپورٹ میں مرکزی کچن کے قریب گیس لیکیج کی بھی نشان دہی کی گئی اور فوری اصلاح کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ پولی کلینک کے کئی اہم حصوں میں مناسب ایمرجنسی ایگزٹس ہی موجود نہیں، متعدد ایمرجنسی راستے بند یا رکاوٹوں کا شکار پائے گئے.

(جاری ہے)

سی ڈی اے فائر آڈٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولی کلینک میں آٹومیٹک فائر ڈیٹیکشن اور مینوئل فائر الارم سسٹم موجود نہیں ہے، ہسپتال میں اسپرنکلر، ہوز ریلز، ویٹ رائزر اور یارڈ ہائیڈرینٹ سسٹم بھی موجود نہیں . رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پولی کلینک میں فائر فائٹنگ کے لیے زیر زمین اور چھت پر مخصوص پانی کے ٹینک موجود نہیں، پولی کلینک کی بجلی کی وائرنگ انتہائی ناقص قرار دی گئی ہے آڈٹ میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی یو، سی سی یو اور این آئی سی یو کے مریضوں کے انخلا کے لیے مناسب انتظامات موجود نہیں، ایمرجنسی اور انخلا کا باقاعدہ پلان بھی موجود نہیں ہے.