الله تعالٰی نے ہمیں جھوٹے الزام سے بری کردیا، ثاقب چدھڑ

آج واضح ہوگیا کہ میرے خلاف تمام کیسز فیک تھے، میں نے این سی آئی کو جو شواہد دیئے اس کے بعد انہوں نے کہا کہ انہیں گرفتاری نہیں چاہیے؛ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 ستمبر 2026 14:15

الله تعالٰی نے ہمیں جھوٹے الزام سے بری کردیا، ثاقب چدھڑ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2026ء) معروف اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے بے قصور قرار دیئے جانے کے بعد مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چڈھر نے اپنی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔ سیشن عدالت لاہور کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ سچائی کی فتح ہوئی ہے اور ان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمد للہ! اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس جھوٹے الزام سے بری کرکے سرخرو کیا ہے، آج یہ بات پوری طرح سے واضح ہو چکی ہے کہ میرے خلاف بنائے گئے تمام کیسز مکمل طور پر فیک اور من گھڑت تھے، میں نے این سی سی آئی اے کو تمام تر شواہد اور حقائق فراہم کیے، جس کے بعد انہوں نے عدالت کو واضح طور پر بتایا کہ انہیں میری یا میری اہلیہ کی گرفتاری درکار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ثاقب چڈھر نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اپنے ووٹرز اور حامیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے تمام سپورٹرز، ووٹرز اور خصوصاً اپنے حلقے کی غیور عوام کا تہہِ دل سے مشکور ہوں جو اس سخت بحران اور آزمائش کی گھڑی میں میرے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے اور مجھ پر اعتماد کیا۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی تفتیشی رپورٹ میں ایم پی اے اور ان کی اہلیہ کو فی الحال بے قصور قرار دیتے ہوئے عدم گرفتاری کا بیان دیا گیا تھا، جس کی بناء پر انہوں نے عدالت سے اپنی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لے لی ہے۔