پمز ہسپتال میں جعلی ڈاکٹر بن کر ڈیوٹی کرنے والا نوجوان پکڑا گیا

مشکوک شخص وارڈ ایریا میں بطور ڈاکٹر ڈیوٹی کر رہا تھا، ملزم کے قبضے سے میڈیکل آفیسر کی جعلی سٹیمپ برآمد، ملزم کو تھانہ کراچی کمپنی پولیس کے حوالے کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 ستمبر 2026 17:01

پمز ہسپتال میں جعلی ڈاکٹر بن کر ڈیوٹی کرنے والا نوجوان پکڑا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2026ء) اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ایک جعلی ڈاکٹر ہسپتال کے وارڈز اور ایمرجنسی ایریا میں ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے پکڑا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پمز ہسپتال میں ایک مشکوک شخص کو وارڈز اور ایمرجنسی کاؤنٹر کے قریب ڈاکٹر کے طور پر کام کرتے دیکھا گیا، ہسپتال کے عملے اور سیکورٹی کو شک ہونے پر جب اس سے پوچھ گچھ اور چیکنگ کی گئی تو وہ کوئی معتبر میڈیکل ڈگری یا دستاویزات پیش نہ کر سکا اور وہ جعلی ڈاکٹر نکلا جس کے بعد موقع پر موجود سیکورٹی اور انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور کراچی کمپنی پولیس کو اطلاع دی، تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی شناخت مظہر منظور ولد منظور احمد سکنہ نیلم ویلی ضلع مظفر آباد کے طور پر ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے ایک ڈاکٹر والا سٹیتھوسکوپ، ایک ڈاکٹر والا سٹچ اور ایک جعلی ڈاکٹر کی میڈیکل آفیسر سٹیمپ برآمد کرلی گئی، ملزم مظہر منظور کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ نمبر 787/26 کے تحت تعزیراتِ پاکستان کی سنگین دفعات 170، 419، 420، 468 اور 471 درج کرلیا گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف باقاعدہ تفتیش شروع کردی گئی ہے اور اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ ملزم کتنے عرصے سے ہسپتال میں یہ جعلسازی کر رہا تھا اور کیا اس کے ساتھ کوئی دیگر سہولت کار بھی شامل ہے یا نہیں۔