یو این 80: اقوام متحدہ کے دو اداروں کا انضمام خوش آئند، گوتیرش

یو این جمعہ 4 ستمبر 2026 07:45

یو این 80: اقوام متحدہ کے دو اداروں کا انضمام خوش آئند، گوتیرش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 04 ستمبر 2026ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرش نے جنرل اسمبلی کی جانب سے ادارے کے سٹاف کالج اور ادارہ برائے تربیت و تحقیق(یونیٹار) کو ضم کرکے ایک نئے ادارہ قائم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس کا نام 'اقوام متحدہ کا ادارہ برائے استعداد کار، ترقی و تعلیمی جدت'(یونیکلا) ہو گا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ سیکرٹری جنرل کے 'یو این-80' اقدام کی جانب ایک اہم پیش رفت اور ادارے کے نظام میں تربیت اور تحقیق کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے وسیع تر عمل کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری خاص طور پر اہمیت رکھتی ہے۔ اس کے نتیجے میں عملے کے لیے سیکھنے، استعداد کار بڑھانے اور ادارہ جاتی تبدیلی کے لیے ایک زیادہ مضبوط اور مربوط پلیٹ فارم قائم ہو گا۔

(جاری ہے)

اس سے یہ حقیقت بھی مترشح ہوتی ہے کہ صلاحیتوں میں اضافہ، زندگی بھر سیکھنے کا عمل اور جدت طرازی محض ثانوی نوعیت کے کام نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی تاثیر، اصلاحات اور رکن ممالک کے لیے اس کے فوائد میں اضافہ کرنے کے اہم محرکات ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے رکن ممالک، اقوام متحدہ کے مختلف اداروں، شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ نئے ادارے کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں اور پائیدار، مشمولہ اور مضبوط دنیا کی تعمیر میں اس کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔