بی آر ٹی یونیورسٹی روڈ کی تعمیرات، اردو یونیورسٹی کے طلبہ کو مشکلات

یونیورسٹی کے داخلی راستوں پر تعمیراتی ملبہ اور راستوں کی بندش سے آمدورفت متاثر، ملبہ ہٹانے اور راستے قابل استعمال بنانے کی یقین دہانی

منگل 8 ستمبر 2026 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2026ء) یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی منصوبے کی تعمیرات کے باعث وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے گلشن اقبال کیمپس آنے والے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یونیورسٹی کے داخلی راستوں کے اطراف تعمیراتی ملبہ پڑا ہونے اور بعض راستوں کی بندش کے باعث آمدورفت متاثر ہورہی ہے، جبکہ یونیورسٹی کے احاطے میں بھی تعمیراتی ملبہ موجود ہے جسے فوری طور پر ہٹانے یا مناسب سطح پر ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔

اس حوالے سے انچارج کیمپس گلشن اقبال و رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر ساجد جہانگیر اور انچارج پروگرامز ذیشان احمد نے بی آر ٹی منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر طارق رفیع خان سے ملاقات کی اور یونیورسٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران یونیورسٹی حکام نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث روزانہ یونیورسٹی آنے والے طلبہ و طالبات کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے، اس لیے مسائل کا فوری ازالہ ضروری ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے داخلی راستوں کو محفوظ اور آمدورفت کے لیے قابل استعمال بنایا جائے، جبکہ یونیورسٹی کے احاطے میں موجود تعمیراتی ملبہ بھی فوری طور پر ہٹایا جائے یا اسے مناسب سطح پر ہموار کیا جائے تاکہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کو مشکلات پیش نہ آئیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر بی آر ٹی طارق رفیع خان نے یونیورسٹی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی کے اطراف اور احاطے میں موجود تعمیراتی ملبہ ہٹانے اور ضروری مقامات کو ہموار کرنے کے کام میں فوری پیش رفت کی جائے گی۔

اس سلسلے میں انجینئر عبدالرشید شیخ نے وفاقی اردو یونیورسٹی کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے نشاندہی کیے گئے مسائل کا معائنہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔انجینئر عبدالرشید شیخ نے متعلقہ حکام سے رابطے کے ذریعے تعمیراتی کام میں پیش رفت یقینی بنانے اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔