سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن کی زیرصدارت سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے اجراء کے حوالے سے اہم اجلاس

ڈی جی سپورٹس طارق قریشی کی شرکت، بنک آف پنجاب کے افسران نے اتھلیٹس کارڈ کے حوالے سے اجلاس کوبریفنگ دی

بدھ 9 ستمبر 2026 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے اجراء کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے شرکت کی جبکہ بنک آف پنجاب کے ہیڈ آف مارکیٹنگ اسد ضیاء، ہیڈ آف ڈیجیٹل کارڈ عدنان، ایڈیشنل سیکرٹری شبیرحسین ، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت چیمہ اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز دویگر بھی موجود تھے،بدھ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے اجراء، کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ کی فراہمی اور کارڈودیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بنک آف پنجاب کے افسران نے سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے حوالے سے اجلاس کوبریفنگ دی۔

سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کا اجراء جلد کیا جا رہا ہے، جبکہ کھلاڑیوں کو انڈوومنٹ فنڈ کی رقم اب اتھلیٹس کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی،300 سے زائد کھلاڑیوں کو اتھلیٹس کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ ہمارا ہدف ایک ہزار کھلاڑیوں کو اتھلیٹس کارڈ کا اجراء کرنا ہے،سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈکا ڈیزائین فائنل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کے ذریعے پلاٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے، گولڈ کیٹیگری میں 75 ہزار روپے جبکہ سلور کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 50 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ سی ایم پنجاب اتھلیٹس کارڈ کبڈی ، ہاکی ، ٹینس سمیت کھیلوں کے بہترین کھلاڑیوں کو جاری کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔