ٹی ٹونٹی رینکنگ، فخر زمان کی ترقی، محمد نواز کی ٹاپ 8 میں شمولیت

تازہ ترین T20I بیٹنگ رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان کی تنزلی ، فخر زمان کی پوزیشن بہتر ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 ستمبر 2026 15:22

ٹی ٹونٹی رینکنگ، فخر زمان کی ترقی، محمد نواز کی ٹاپ 8 میں شمولیت
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2026ء ) بھارت، افغانستان سیریز کے بعد آئی سی سی T20I رینکنگ میں ہونے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان، اسپنر محمد نواز اور صفیان مقیم کی پوزیشنز بہتر ہوئی ہیں جبکہ کئی دیگر کھلاڑیوں کی رینکنگ میں تنزلی دیکھی گئی۔ 
آئی سی سی T20I بلے بازوں کی رینکنگ میں اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بھارتی بلے باز ابھیشیک شرما ترقی کر کے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ان کے ہم وطن ایشان کشن بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

 
بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 41 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں، ان کے بعد بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ T20I کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45 ویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 

بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر زمان جنہوں نے رواں سال فروری میں پاکستان کے لیے آخری T20I میچ کھیلا تھا، 481 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے 72 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، اس کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بلے باز ٹاپ 100 میں شامل نہیں ہے۔

 
ٹی ٹونٹی بولرز کی رینکنگ میں سپنر ابرار احمد 736 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان بدستور پہلی پوزیشن پر ہیں۔ 
سپنر نواز 658 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ فاسٹ بولر سلمان مرزا 636 پوائنٹس کے ساتھ دو درجے تنزلی کے بعد 17 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

 
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی 602 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد 32 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ 
سپنر عثمان طارق 524 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 59 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ صوفیان مقیم 510 پوائنٹس کے ساتھ ترقی کر کے 64 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 
صائم ایوب 492 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 72 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں، شاداب خان 77 ویں نمبر پر ہیں جبکہ حارث رؤف بھی 448 پوائنٹس کے ساتھ 88 ویں نمبر پر موجود ہیں۔