ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

جمعہ 11 ستمبر 2026 19:22

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2026ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ’’بائیو انفارمیٹکس اور بائیو سائنسز میں ابھرتے ہوئے رجحانات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس میں برطانیہ اور ترکی کے نامور سائنسدانوں کے علاوہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے ماہرین،اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے زور دیا کہ سائنسی تحقیق کا بنیادی مقصد معاشرتی مسائل کا حل اور عوام کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صرف ’’امپیکٹ فیکٹر‘‘ بڑھانے کے بجائے ہمیں اپنی انسانی صلاحیتوں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اشتراک سے ایسے عملی نتائج حاصل کرنے چاہئیں جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے مہمان خصوصی ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر عرفان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ عالمی انعقاد طلبہ کو عالمی سطح کے ماہرین سے براہ راست استفادہ کرنے،جدید آلات و طریقوں کو سمجھنے اور مستقبل میں بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔قبل ازیں چیئرمین شعبہ بائیوانفارمیٹکس ڈاکٹر فیصل نوروز نے بتایا کہ اس کانفرنس کا مقصد مقامی محققین کو جدید ترین ڈیٹا اینالیسس اور مصنوعی ذہانت کے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا تھا،تین روز کے دوران مختلف تکنیکی نشستیں اور ورچوئل ورکشاپس منعقد کی گئیں جن میں اسکالرز نے اپنے جدید تحقیقی مقالے پیش کیے۔