کراچی میں چنگچی رکشے میں غیرقانونی گیس فلنگ اسٹیشن قائم

گلشن اقبال چورنگی پر رکشے کے ذریعے دیگر رکشوں میں گیس بھرنے کی ویڈیو وائرل، شہریوں کا کارروائی کا مطالبہ

اتوار 13 ستمبر 2026 11:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2026ء) گلشن اقبال چورنگی پر چنگچی رکشے میں مبینہ طور پر غیرقانونی گیس فلنگ اسٹیشن قائم کیے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نمبر پلیٹ سے محروم چنگچی رکشے کے ذریعے دیگر رکشوں میں گیس بھری جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کھلے عام گیس کی منتقلی کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے اور یہ عمل شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشوں کی آمدورفت پر پابندی کے باوجود مختلف علاقوں میں یہ رکشے چل رہے ہیں، جبکہ غیر محفوظ طریقے سے گیس سلنڈر لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی نہیں کی جارہی۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گلشن اقبال چورنگی پر قائم مبینہ غیرقانونی گیس فلنگ مرکز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور غیر محفوظ طریقے سے گیس کی منتقلی اور فروخت میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔