کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 3 ڈاکو زخمی گرفتار، ایک ہلاک

بدھ 16 ستمبر 2026 11:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2026ء) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 3 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔پولیس کے مطابق قائدآباد پولیس کا لانڈھی ریڑ روڈ پر احسان گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں قلب عباس نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب نیوکراچی پولیس کا سیکٹر 11 آئی میں گورنمنٹ گرلز کالج کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ایدھی حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی جبکہ شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔

(جاری ہے)

ادھر بوٹ بیسن پولیس کا بلاک 2 کلفٹن میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت شمس اور عباس خان کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور کی 2 پستولیں، 2 موبائل فون، نقد رقم اور 125 موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے۔