جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں انٹرمیڈیٹ کے نئے تعلیمی سال کا آغاز، طالبات کا استقبال کیا گیا

منگل 22 ستمبر 2026 19:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2026ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں انٹرمیڈیٹ کے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوگیا، جہاں تقریباً 700 نئی طالبات نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے نئی طالبات کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ فرسٹ ایئر کا پہلا دن طالبات کی زندگی میں محض نئے تعلیمی سال کا آغاز نہیں بلکہ ان کے خوابوں کی تعبیر اور مستقبل کی تعمیر کے سفر کا پہلا اہم قدم ہے۔ آج کی طالبات میں سے کوئی ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان، استاد، محقق یا زندگی کے دیگر شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کرنے والی نمایاں شخصیت بننے کا خواب لیے اس سفر کا آغاز کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ایک تاریخی تعلیمی روایت کی امین ہے، جس کی بنیاد مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح نے رکھی، جبکہ ادارے کی ابتدائی تاریخ میں مس منعم الدین جیسی باہمت خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی اصل پہچان ان کی عمارتیں نہیں بلکہ وہ طالبات اور شخصیات ہیں جو یہاں سے تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں اپنا مقام بناتی اور اپنے شہر و ملک کا نام روشن کرتی ہیں۔

وائس چانسلر نے نئی طالبات پر زور دیا کہ وہ انٹرمیڈیٹ کے دو سال کو صرف امتحانات کی تیاری تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو دریافت کریں، خود اعتمادی پیدا کریں، بڑے خواب دیکھیں اور مسلسل محنت کے ذریعے اپنی منزل کا تعین کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی سرزمین نے علامہ محمد اقبال جیسے عظیم مفکر کو جنم دیا ہے اور آج کی طالبات بھی مستقبل میں اپنے ادارے، شہر اور ملک کے لیے نمایاں کردار ادا کرسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں جدید کمپیوٹر لیبارٹریز، علیحدہ سائنس لیبارٹریز، آرام دہ کامن رومز اور خوبصورت کلاس رومز سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ طالبات اپنی تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں پروان چڑھا سکیں۔انہوں نے نئی طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو نئے تعلیمی سفر کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فرسٹ ایئر کا پہلا دن ان کے روشن مستقبل کی بنیاد بن سکتا ہے، اس لیے طالبات خواب بڑے رکھیں، عزم مضبوط بنائیں اور محنت و لگن کے ساتھ آگے بڑھتی رہیں۔