پنجاب ای کامرس ہب کاروباری افراد کیلئے مفت فوٹوگرافی سہولت متعارف

جمعہ 25 ستمبر 2026 22:04

پنجاب ای کامرس ہب کاروباری افراد کیلئے مفت فوٹوگرافی سہولت متعارف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2026ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے پنجاب سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے 'پنجاب ای کامرس ہب' کے تحت اہل کاروباری افراد کو مفت پروڈکٹ فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مقالمی کاروباری افراد کو اعلیٰ معیار کا ڈیجیٹل مواد تیار کرنے، آن لائن سٹورز پر مصنوعات مؤثر انداز میں پیش کرنے اور ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنی موجودگی مستحکم بنانے میں معاونت دینا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب ای کامرس ہب چھوٹے و مقامی کاروباروں، ایس ایم ایز، کاریگروں اور نئے کاروباری افراد کو بااختیار بناتے ہوئے ان کی مصنوعات کو ملکی و عالمی مارکیٹ تک پہنچانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت برانڈنگ، پروڈکٹ فوٹوگرافی، ویڈیوگرافی، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے متعلق عملی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے قائم کردہ ہبز میں کاروباری افراد کے لیے عملی ورکشاپس کا باقاعدہ انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سہولت سے استفادہ کرنے اور مزید تفصیلات کے لیے اہل افراد سرکاری ویب سائٹ پر رجوع کر سکتے ہیں۔