مری میں سکول وین میں آتشزدگی، 10 بچے جھلس گئے

سکول کے بچوں کو لے جانے والا کیری ڈبہ بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گرا، نیچے گرتے ہی گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور پورا کیری ڈبہ جل گیا، زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 ستمبر 2026 10:50

مری میں سکول وین میں آتشزدگی، 10 بچے جھلس گئے
مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر 2026ء) مری کے علاقے لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب سکول کے بچوں کو لے جانے والی وین خوفناک حادثے کا شکار ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، جس کے بعد گاڑی میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، واقعے کے نتیجے میں 10 بچے شدید جھلس کر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مری کے نواحی علاقے میں بچوں کو سکول لے جانے والی مسافر وین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے فورا بعد وین میں شارٹ سرکٹ یا سلنڈر کے باعث ناگہانی آگ بھڑک اٹھی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی قریبی ایمرجنسی ٹیمیں اور فائر فائٹرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

                                                      
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے بچوں کو باحفاظت باہر نکالا اور تمام متاثرہ بچوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بعد ازاں 10 زخمی بچوں کو مزید علاج معالجے کے لیے فوری طور پر سول ہسپتال مری منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیم نے وین میں لگی شدید آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ مقامي انتظامیہ اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔