بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کے زیر اہتمام نئے داخل ہونے والے طلبہ و طالبات کیلئے لائبریری آگاہی و تعارفی نشستوں کا سلسلہ جاری

منگل 29 ستمبر 2026 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2026ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی مرکزی لائبریری کے زیر اہتمام خزاں 2026ء کے نئے داخل ہونے والے طلبہ و طالبات کے لیے لائبریری آگاہی و تعارفی نشستوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان نشستوں کا مقصد نئے طلبہ کو لائبریری کے ضوابط و آداب، رکنیت کے طریقہ کار، دستیاب کتب و تحقیقی مواد اور مختلف لائبریری سہولیات سے آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں مرکزی لائبریری کے چیف لائبریرین ڈاکٹر ایم ذوالقرنین اختر نے جامعہ کے کلیہ تعلیم کے خواتین کیمپس سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کا خیرمقدم کیا اور انہیں لائبریری میں دستیاب مختلف وسائل اور خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سینئر لائبریرین سدرہ شان نے طلبہ کو لائبریری کے اہم تحقیقی وسائل کے موثر استعمال کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا جن میں آن لائن عوامی فہرست کتب، ایچ ای سی ڈیجیٹل لائبریری کے تحقیقی ذخائر اور الیکٹرانک مقالہ جات شامل ہیں۔ نشستوں کا مقصد نئے طلبہ کو مرکزی لائبریری میں دستیاب مطبوعہ اور ڈیجیٹل وسائل سے موثر استفادہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ آگاہی و تعارفی نشستوں کا سلسلہ اکتوبر 2026ء کے وسط تک جاری رہے گا۔