وزیراعظم کی جانب سے حکومت کے 100روزہ پلان پر عملی عملدرآمد کے آغازکو خوش آئندہے ، فیضان اقبال اعوان

بدھ 30 ستمبر 2026 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) مسلم لیگ (ن) سٹی مظفرآباد کے نوجوان رہنمافیضان اقبال اعوان نے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی کی جانب سے حکومت کے 100روزہ پلان پر عملی عملدرآمد کے آغازکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ستھرا کشمیر پراجیکٹ آزاد کشمیر کو صاف، خوبصورت اور ماحولیاتی اعتبار سے بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب بھی اہم قدم ہے۔

فیضان اقبال اعوان نے کہا کہ ستھرا کشمیر پراجیکٹ کے تحت صفائی کے نظام کو منظم اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جس کے لیے مختلف شعبوں میں افرادی قوت کی ضرورت ہوگی۔ اس عمل کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ریاست کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، اس لیے انہیں روزگار فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 100 روزہ پلان محض ایک انتظامی پروگرام نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بنیادی سہولیات بہتر بنانے اور تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے کا عملی منصوبہ ہے۔ حکومت کی جانب سے اس پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد شروع کرنا اس بات کی علامت ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا کشمیر پراجیکٹ صرف صفائی کا منصوبہ نہیں بلکہ اسے ماحول، سیاحت، صحت اور روزگار سے منسلک ایک جامع پروگرام کے طور پر آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

صاف ستھرے شہر اور سیاحتی مقامات آزاد کشمیر کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے ساتھ مقامی معیشت کو بھی مضبوط کریں گے۔فیضان اقبال اعوان نے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی سے مطالبہ کیا کہ 100 روزہ پلان کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کو خصوصی ترجیح دی جائے اور ستھرا کشمیر پراجیکٹ میں مقامی نوجوانوں کو میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کیا جائے۔

اس سے ایک طرف صفائی کا نظام بہتر ہوگا جبکہ دوسری جانب نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اگر 100 روزہ پلان کے تحت روزگار، تعلیم، صحت، صفائی، تعمیر و ترقی اور شہری سہولیات کے شعبوں میں عملی اقدامات کرتی ہے تو اس کے مثبت اثرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے۔ عوام کو حکومت کی کارکردگی کا اندازہ اسی وقت ہوگا جب منصوبوں کے فوائد ان کی روزمرہ زندگی میں نظر آئیں گے۔

فیضان اقبال اعوان نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینا صرف معاشی ضرورت نہیں بلکہ ریاست کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے لیے بھی ضروری ہے۔باعزت روزگار ملنے سے نوجوان اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت کر سکیں گے، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت، تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے، جبکہ نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ ہنر اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

فیضان اقبال اعوان نے کہا کہ وزیراعظم بیرسٹر افتخار علی گیلانی کی جانب سے 100 روزہ پلان کا آغاز اور ستھرا کشمیر پراجیکٹ کا عملی اجرا ایک اہم پیش رفت ہے۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس پلان کے تحت مزید ایسے منصوبے سامنے آئیں گے جن سے عوام کو ریلیف ملے گا، آزاد کشمیر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا اصل مقصد ایک ایسا آزاد کشمیر تشکیل دینا ہونا چاہیے جہاں صاف ماحول، بہتر شہری سہولیات، معیاری تعلیم، صحت کی مناسب سہولیات، ترقی کے مواقع اور نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار دستیاب ہو۔ 100 روزہ پلان اس سمت میں عملی بنیاد فراہم کر سکتا ہے اور ستھرا کشمیر پراجیکٹ اس سفر کا مؤثر آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔