ٹیکنیکل بورڈ کی میٹرک رجسٹریشن کی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس توسیع

سرکاری طلبہ کیلئے رجسٹریشن فیس 2300 اور نجی کیلئے 2600 روپے، فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر مقرر

بدھ 30 ستمبر 2026 17:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک ٹیکنیکل تعلیم اور ٹیکنیکل اسکول سرٹیفکیٹ (ٹی ایس سی ون) سیشن 2026-27 کیلئے رجسٹریشن فارم اور فیس جمع کرانے کی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس توسیع کردی۔رجسٹرار کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سرکاری اداروں کے طلبہ کیلئے نارمل رجسٹریشن فیس 2300 روپے جبکہ نجی اداروں کے طلبہ کیلئے 2600 روپے مقرر کی گئی ہے۔

نارمل فیس کے ساتھ رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ٹیکنیکل بورڈ کے ترجمان زوہیب احمد خان نے بتایا کہ بورڈ میٹرک ٹیکنیکل تعلیم میں 12 سے زائد ٹریڈز اور گروپس پیش کر رہا ہے۔ میٹرک ٹیکنیکل امتحان میں شرکت کرنے والے امیدوار کی عمر 2 مارچ 2027 کو 14 سے 30 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 18 سال سے کم عمر طلبہ کیلئے نادرا کا ب فارم جبکہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے امیدواروں کیلئے قومی شناختی کارڈ اور آٹھویں جماعت کا اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ یا جی ایس آر لازمی قرار دیا گیا ہے۔

بورڈ نے تمام متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کو تعلیمی سال 2026-27 کیلئے الحاق کی تجدید مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رجسٹریشن فارم بورڈ کے آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا، دستی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق 8 اکتوبر کے بعد 800 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 9 سے 19 اکتوبر، 1500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 20 سے 29 اکتوبر، 2000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 30 اکتوبر سے 11 نومبر، 2500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 12 سے 26 نومبر جبکہ 3000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 27 نومبر سے 14 دسمبر تک رجسٹریشن فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔

اسی طرح 5000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 15 دسمبر 2026 سے امتحان کے پہلے پرچے تک رجسٹریشن کی اجازت ہوگی۔ اس مرحلے پر سرکاری اداروں کیلئے مجموعی فیس 7300 روپے جبکہ نجی اداروں کیلئے 7600 روپے مقرر کی گئی ہے۔بورڈ حکام کے مطابق رجسٹریشن فیس کی ادائیگی کیلئے صرف آن لائن تیار کردہ چالان قابل قبول ہوگا، جبکہ طلبہ اور اداروں کی سہولت کیلئے آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :