کوہستان ویڈیو سکینڈل میں لڑکیوں کے والدین نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروادیا،عدالت نے لڑکیوں کو 2 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا

بدھ 19 مارچ 2014 05:47

ایبٹ آباد+شانگلہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء) کوہستان ویڈیو سکینڈل کیس میں لڑکیوں کے والدین نے عدالت سے کہا ہے کہ لڑکیاں زندہ ہیں لیکن قبائلی روایات کے مطابق عدالت میں پیش نہیں کرسکتے جبکہ عدالت نے لڑکیوں کو 2 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کو کوہستان ویڈیو سکینڈل کی سماعت سیشن کورٹ کے جج جسٹس محمد ارشاد نے کی جس میں لڑکیوں کے والدین نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکیاں زندہ ہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن قبائلی روایات کے مطابق لڑکیوں کو عدالت میں پیش نہیں کرسکتے۔

لڑکیوں کے والدین نے کہا کہ پولیس اس کیس میں غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے جس پر جسٹس ارشاد نے والدین کو حکم دیا کہ وہ 2 اپریل کو لڑکیوں کو عدالت میں پیش کریں۔