شام کے مستقبل میں بشار الاسد کا کوئی کردار نہیں ہو گا،سعودی وزیر خارجہ ،سعودی عرب عالمی برادری کیساتھ ملکر شامی بحران کا حل تلاش کرنے کی کوشش ،جاری رکھے گا، عادل الجبیرکی یو این ایلچی سٹیفن دی میستورا سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 7 جنوری 2016 09:06

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7جنوری۔2016ء)سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جنیوا اور نیویارک میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں طے پانے والے اصولوں کی روشنی میں سعودی عرب بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر شامی بحران کا حل تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار عادل الجبیر نے شام کے لئے یو این کے خصوصی ایلچی سٹیفن دی میستورا سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

عادل الجبیر نے اس امر کا ایک مربتہ پھر اعادہ کیا کہ شام کے مستقبل میں بشار الاسد کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔ سعودی عرب خود کو شامیوں کو آزادی اور حقوق دلانے کا پابند خیال کرتا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا ملک شامیوں کو فوجی، سیاسی اور اقتصادی تعاون جاری رکھے گا۔اس موقع پر دی میستورا کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی خواہش اور کوشش ہے کہ ایران کے ساتھ اس کی حالیہ کشیدگی ویانا مذاکرات کی روشنی میں شامی بحران کے حل تلاش کرنے کوشش پر منفی اثر نہ ڈالے۔