سکیورٹی خدشات ، لاہور میں میٹرو بس سروس تاحکم ثانی بند،فیصلہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا ، تمام بسیں گجومتہ میٹروبس ڈپو منتقل

جمعہ 4 مارچ 2016 09:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 4مارچ۔2016ء) لاہور میں سیکورٹی خدشات کے باعث میٹرو بس سروس تاحکم ثانی بند کردی۔ لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ میٹرو بس سروس معطل کردی جائے جس کے فوراً بعد سیکورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو بس سروس بند کردی گئی بس سروس تاحکم ثانی بند رہے گی اور تمام بسیں گجومتہ میٹروبس ڈپومنتقل کردی گئی ہیں۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری ، ڈی سی او ، کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔۔میٹرو سروس کی بندش کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنے روزگار تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لوگوں کو اپنی منزل پر پہنچنے کے لئے لوکل ٹرانسپورٹ کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔میٹرو بس سروس کی بندش کے حوالے سے پنجاب حکومت کی موقف میں تضاد پایا جاتا ہے، میٹرو بس سروس کے ترجمان کہتے ہیں کہ سروس آج شام 5 بجے بحال کردی جائے گی جب کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس 2 دن کے لئے بند کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس کی معطلی کا اقدام انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے، ان رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دہشت گرد میٹرو بس سروس کو نشانہ بناسکتے ہیں، سکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی میٹرو سروس کو بحال کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :