پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی وارداتوں میں ایک گروپ کے ملوث ہونے کاشبہ

سب انسپکٹر ارشد اور کانسٹیبل محمد علی پر فائرنگ کے واقعات میں مماثلت ہے‘ پولیس

اتوار 28 اپریل 2024 14:35

پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی وارداتوں میں ایک گروپ کے ملوث ہونے کاشبہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) لاہور پولیس نے چند روز میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی دونوں وارداتوں میں کسی ایک گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہرکردیا۔پولیس کے مطابق سب انسپکٹرارشد اور کانسٹیبل محمد علی پر ریکی کرکے فائرنگ کی گئی، دونوں واقعات میں ایک حملہ آور نے موٹرسائیکل اورشارٹ گن کااستعمال کیا، دونوں وارداتوں میں ہیلمٹ پہنے موٹرسائیکل سوار نے پولیس کو پیچھے سے ٹارگٹ کیا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور قتل کے حالیہ واقعات میں باغبانپورہ پولیس کے اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا، شوٹر کی گرفتاری کے لئے مزید فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، پولیس حکام نے وردی پہنے اہلکاروں کو نقل وحرکت کے دوران چوکنا رہنے کی ہدایت کردی۔دوسری جانب لاہور میں سب انسپکٹر کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سب انسپکٹر ارشد اپنی ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہا تھا، راستے میں نامعلوم ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم محمد ارشد کو زخمی حالت میں یکی گیٹ اسپتال منتقل کیا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔