چناب ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 70جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

جمعہ 23 مارچ 2018 23:08

رحیم یار خان۔23 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 23 مارچ 2018ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ معاشرے کے محروم طبقوں کی اس طرح مالی معاونت کرنا کہ وہ اپنی خاندانی ذمے داریوں سے بطریق احسن سرخرو ہو سکیں،ہی آج کے دور میں اصل جہاد ہے اور تمام صاحب ثروت افراد کو چاہیئے کہ وہ رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیںتاکہ معاشرے سے محرومیاں ختم ہونے سے ایک مثبت معاشرہ پروان چڑھ سکے۔

چناب ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 70جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے معاشرے سے جہیز کی لعنت ختم ہو جائے تو سفید طبقے کی کئی مشکلات حل ہو سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونا اور انکا بوجھ اٹھاناہی انسانیت کی عظمت کی دلیل ہے اور معاشرے کے تمام افراد کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے میں مثبت رویوں کو پروان چڑھانے کے لئے صاحب ثروت افراد کو چاہیئے کہ تعلیم اور صحت پر زیادہ سے زیادہ خرچ کریں تاکہ ہمارا مستقبل کا معاشرہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی انسانیت کی معراج ہے اور یہی عمل ہمارے لئے دنیا اور آخرت میں کامیابی کی دلیل ہے اس موقع پر چناب ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ چوہدری محمد شفیق نے بتایا کہ انکی ایسوسی ایشن پچھلے پانچ سال سے فلاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور اس 70جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کی جارہی ہیں جبکہ اب تک وہ تین سو کے قریب اجتماعی شادیاں کر چکے ہیں جبکہ کم تنخواہ دار شہریوں کی مالی امداد اور علاقے کے مریضوں کو دور دراز کے ہسپتالوں میں لے جانے کے لیے انکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچ ایبولینسز بھی کام کر رہی ہیں انہوں نے اپنی تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ بھی رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہمارے معاشرتی محرومیاںختم ہو سکیں۔