وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایچ ای سی کے مجوزہ بجٹ میں 10ارب کا اضافہ کر دیا

45ارب روپے ہوگیا ، سالانہ ترقیاتی منصوبہ کی تعاون کمیٹی کا اجلسا

پیر 16 اپریل 2018 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 16 اپریل 2018ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مجوزہ بجٹ میں 10ارب روپے کا اضافہ کرتے ہوئے اسی45ارب روپے کر دیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا گزشتہ سال کا بجٹ35ارب روپے تھا جسے خود کمیشن نے رواں سال بھی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس بات کا فیصلہ سالانہ ترقیاتی منصوبہ کی تعاون کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر احسن اقبال نے کی۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں، خودمختار اداروں اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے آئندہ مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے لئے رقوم مختص کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی تجویز میں سابقہ بجٹ35ارب روپے کو برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے جس پر احسن اقبال نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ تو بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

اسے بڑھا کر 45ارب روپے کر دیا جائے۔ اجلاس میں شریک تمام شرکاء نے یہ سن کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم نے عالمی سطح پر مقابلہ کرتا ہے اور خود کو ایک ترقیاتی ملک بنانا ہے تو پھر اعلیٰ تعلیم ، تحقیق اور ریسرچ کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ رقم خرچ کرنی ہو گی۔ احسن اقبال نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے ودران اعلیٰ تعلیم کے لئے بجٹ میں132فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :