سابق صدر آصف علی زرداری سے خیبرپختونخوا کی ممتاز سیاسی شخصیات کی ملاقات

پیر 16 اپریل 2018 22:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 16 اپریل 2018ء)سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری سے خیبرپختونخوا کی ممتاز سیاسی شخصیات نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیر کو ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر خزانہ نوابزادہ محسن علی خان، پی ٹی آئی حیات آباد کے صدر ڈاکٹر الیاس خٹک اور اے این پی کے رہنما افراسیاب خٹک کے بھتیجے مطیع اللہ خٹک شامل ہیں۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، سابق وفاقی وزیر لال خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے قوم سے جو وعدے کئے وہ پورے کئے۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری نے کے پی کے عوام کو شناخت دی۔ آج پختون عوام پوری دنیا میں فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہمارا تعلق پختونخوا سے ہے۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پختون عوام کے لئے تاریخی کام کئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خیرمقدم کیا۔