ساجد اسحاق سمیت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کی پی ٹی آئی پر شدید تنقید ،ْپارٹی چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد کے حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے مقابلہ میں اقلیتی امیدوار کھڑے کریں گے ،ْ میڈیا سے گفتگو

منگل 17 اپریل 2018 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 اپریل 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سابق مشیر ساجد اسحاق سمیت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے رہنما جاوید پیارا، بشارت کھوکھر اور اوم پرکاش بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اقلیتوں کو حقوق دینے میں ناکام رہی ہے ،ْپی ٹی آئی نے اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آ کر اقلیتوں کو جو حقوق دینے کی بات کرتے ہیں وہ جھوٹ، مکاری اور سیاسی چال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر اقلیتی امیدواروں کو براہ راست ووٹ کے ذریعے منتخب کیا جانا چاہئے، عمران خان نے اس سلسلہ میں پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا وعدہ کیا تھا تاہم انہوں نے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اندرونی انتشار کا شکار ہے، کور کمیٹی میں اقلیتوں سے تعصبانہ رویہ رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ڈھونگ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے مقابلہ میں اقلیتی امیدوار کھڑے کریں گے۔