ٹرمپ اخلاقی طور پر نااہل ، عورت کو گوشت کا لوتھڑا سمجھتے ہیں، جیمز کومی

ہمارے صدر کو قابل احترام ہونا چاہیے اور ان اقدار کا حامل ہونا چاہیے جو ہمارے ملک کا خاصہ ہیں،انٹرویو

پیر 16 اپریل 2018 11:59

․واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 16 اپریل 2018ء)امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے شخص ہیں جو اخلاقی طور پر امریکہ کے صدر رہنے کے قابل نہیںاور جو خواتین کوگوشت کا لوتھڑا سمجھتے ہیں۔امریکی ٹی وی کو انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ ٹرمپ ایسے شخص ہیں جن کے لیے سچائی کی بہت قدر و قیمت نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے اس بات پر اعتبار نہیں ہے کہ وہ ذہنی طور پر نااہل ہیں یا وہ نسیان کے مرض کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے وہ طبی طور پر صدر کے عہدے کے نااہل نہیں ہیں۔ میرا خیال ہے کہ وہ اخلاقی طور پر صدر کے عہدے کے لیے نااہل ہیں۔انھوں نے مزید کہاکہ ہمارے صدر کو قابل احترام ہونا چاہیے اور ان اقدار کا حامل ہونا چاہیے جو ہمارے ملک کا خاصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں سب سے اہم سچائی ہے۔ اور یہ صدر اس پر پورا نہیں اترتا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ خراب تبصرے والی کتاب سے 'بڑے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ انھوں نے جیمز کومی کو قید کیے جانے کی جانب اشارے کیے۔انٹرویو کے دوران جیمز کومی نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے وفاداروں سے گھرے رہتے ہیں۔ انھوں نے صدر ٹرمپ کا کسی غنڈے کے سرغنہ سے موازنہ کیا جس کی انھوں نے نوجوانی کے زمانے میں تفتیش کی تھی۔

انھوں نے کہاکہ وفاداری کا عہد ہے جس میں باس ہی ہر چیز کا مرکز ہوتا ہے اور جہاں اس بات کی اہمیت ہوتی ہے کہ آپ باس کی کس طرح خدمت کرتے ہیں اور باس کی خواہشات کیا ہیں۔جب ان سے یہ سوال کہ کیا صدر کے ارد گرد رہنے والے افراد خراب برتاؤ کا ذریعہ ہیں توکومی نے کہاکہ اس صدر کا یہ چیلنج ہے کہ وہ اپنے ساتھ رہنے والے ہرایک شخص کو داغدار بنا دے گا۔بہرحال انھوں نے کہا کہ ان کے خیال میں صدر ٹرمپ کو ان کے عہدے سے نہیں ہٹایا جانا چاہیے۔انھوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ میرے خیال سے ڈونلڈ ٹرمپ کا عہدے سے ہٹایا جانا امریکی شہریوں کو بے لگام کر دے گا۔انھوں نے کہا کہ اس کے برعکس امریکی شہری اسے براہ راست ووٹنگ بوتھ پر کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :