صدام حسین کی میت قبر سے غائب

منگل 17 اپریل 2018 12:01

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 اپریل 2018ء) عراق کے سابق صدر صدام حسین کا مقبرہ تباہ ہوگیا جب کہ ان کی میت بھی قبر سے غائب ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراق کے شہر تکریت کے علاقے الوجا میں صدام حسین کا مقبرہ تباہ ہے اور قبر میں صدام کی لاش بھی موجود نہیں۔ سابق عراقی صدر کے قبیلے ابونصر کے سربراہ شیخ مناف علی الندا کا کہناتھا کہ صدام حسین کے مقبرے کی چھت پر موجود داعش کے اسنائپر کو نشانہ بنانے کے لئے عراقی طیارے نے بمباری کی جس کے نتیجے میں مقبرہ تباہ ہوگیا۔

شیخ مناف کے مطابق وہ حملے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے تاہم مقبرہ تباہ ہے اور صدام حسین کی قبر میں ان کی میت بھی موجود نہیں ہے۔یاد رہے کہ 28 اپریل کو صدام حسین کی سالگرہ کے موقع پر ان کے قبیلے کے افراد اور حامی مقبرے پر حاضری دیتے ہیں اور اسکول کے بچوں کو بھی سابق صدر کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مزار پر آنا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب علاقے کے سیکیورٹی چیف جعفر الغراوی کا کہنا تھا کہ صدام حسین کی میت وہیں موجود ہے جب کہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ صدام حسین کی جلاوطن کی گئی صاحبزادی ہالا نجی طیارے میں تکریت پہنچیں اور اپنے والد کی قبر کشائی کے بعد میت اردن لے گئیں۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ ہالا کبھی عراق لوٹ کر نہیں آئیں تاہم صدام حسین کی قبر کھدی ہوئی ہے اور لاش بھی غائب ہے، نہیں جانتے کہ لاش کو کہاں منتقل کیا گیا ہے اور اس کے پس پردہ کون لوگ ہیں۔مقامی افراد کا کہنا تھا کہ صدام حسین کے والد کا مقبرہ بھی گاؤں کے داخلی راستے پر واقع تھا جسے دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ صدام حسین نے ساڑھے 23 سال تک عراق پر حکومت کی، امریکا کی جانب سے عراق پر کیمیائی ہتھیار بنانے کے الزامات کے بعد چڑھائی کی گئی اور صدام حسین کی حکومت کو مقامی افراد کی مدد سے گرایا گیا بعدازاں امریکا نے عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کی موجودگی کی تردید کی۔

30 دسمبر 2006 کو صدام حسین کو پھانسی دی گئی جس کے بعد انہیں تکریت کے علاقے الوجا میں سپردخاک کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :