Saal No 2019 Aur Nonahal - Article No. 1305

Saal No 2019 Aur Nonahal

سال نو 2019اور نونہال - تحریر نمبر 1305

سال کے آ غاز میں ہی جما دینے والی یخ بستہ ہوائوں نے استقبال کیا تو جہاں بڑے اس سردی میں گھروں سے باہر نکلنے سے کترا رہے تھے وہیں بچے بھی

جمعہ 22 فروری 2019

عیشتہ الرّاضیہ پیرزادہ
نئے سال کا سورج پورے تاب کے ساتھ جگمگا رہا ہے۔سال2018 کا اختتام ہو چکا ہے اور اب ایک نئے باب کا آغاز ہو چلا ہے ۔ سال کے آ غاز میں ہی جما دینے والی یخ بستہ ہوائوں نے استقبال کیا تو جہاں بڑے اس سردی میں گھروں سے باہر نکلنے سے کترا رہے تھے وہیں بچے بھی شدید ٹھنڈ میں باہر نکلنے سے پہلے کئی بار سوچتے دکھائی دئیے۔

یکم جنوری سے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات اختتام پذیر ہو رہی تھیں تو والدین اس پریشانی میں مبتلا نظر آئے کہ اس قدر سخت سردی کے مو سم میں بچوں کو کس طرح سکول بھیجا جائے مگر پھر اچانک صوبہ خیبر پختونخوا اور صوبہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید چھ دنوں کا اضا فہ کر کہ انھیں 6 جنوری تک بڑھا دیا گیا تو والدین کے ساتھ ساتھ بچوں کی خو شی بھی دیدنی تھی، انھیں یہ اضافی تعطیلات سال نو کا تحفہ معلوم ہوئیں۔

(جاری ہے)

اکثر بچے گلہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ مو سم گرما کی نسبت مو سم سرما کی چھٹیاں انتہائی قلیل ہیں جس کی وجہ سے ان چھٹیوں کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب شروع ہوئی اور کب ختم بھی ہو گئی۔ ایسے میں اگر ان میں اچانک مزید اضا فہ ہو جائے تو نو نہالوں کو گھو منے پھرنے کا بھی وقت مل جاتا ہے۔ویسے بھی جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ہمارا مشاہدہ ہے کہ اب دسمبر کی ویسی شدید سردی نہیں ہے جیسی آ ج سے پندرہ بیس برس پہلے پڑتی تھی بلکہ اب دھند اور سردی کی شدت ماہ جنوری کے آ غاز میں ملتی ہے۔
لہذا اس مر تبہ دونوں صوبائی حکومتوں کے اس ا قدام کو سراہنا چاہیے اور امید کی جاتی ہے کہ اب ہر سال مو سم سرما کی تعطیلات جنور ی کے پہلے ہفتے تک جاری رہیں گی۔ البتہ کچھ پرائیوٹ سکولز نے موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہ کیا اور حکومتی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے اپنے سکول معمو ل کے مطابق کھول لئے۔اس بے حسی پر کیا کہا جا سکتا ہے۔ موسم سرما کی ان تعطیلات میں نو نہالوں نے خوب مزے کئے۔
دھند ہو نے کی صورت میں گھروں تک ہی محدود رہے ۔ سورج میاں بھی نو نہالوں سے آنکھ مچولی کھیلتے دکھائی دیئے۔ دن میں سورج کی کر نیں جب نونہالوں پر پڑتیں تو یہ چہچہا جاتے اور دھوپ میں بیٹھ کر مالٹے کھا تے جبکہ دھند کے اوقات میں رضائی میں دبک کر مونگ پھلیاں کھا نے کا مزہ لیا جاتا۔ یہ سلسلہ تو مو سم سرما کے اختتام تک جاری رہے گا۔ اب سکول کھل چکے ہیں اور نئے سال کا آغاز بھی ہو چلا ہے۔
ایسے میں تعطیلات کے بعد بچوں کو سکول کے پہلے دن زیادہ سردی محسوس ہو تی ہے کیونکہ یہاں نہ رضائی ہے نہ ہی کمبل۔ البتہ اچھے پرائیویٹ سکولز کے کلاس رومز میں ہیٹر کا انتظام موجود ہوتا ہے مگر سرکاری سکولز کے طالب علموں کا اللہ ہی حافظ ہے کیونکہ یہاں ہیٹر تو در کنار ایسے کلاس رومز بھی پائے جاتے ہیں جہاں کی کھڑکیوں کے شیشے تک ٹو ٹے ہوئے ہیں۔
ان ٹوٹے شیشوں سے ٹھنڈی یخ بستہ ہوائیں کلاس روم کا رخ کرتی ہیں تو نو نہالوں کو گدگداتی دکھائی دیتی ہیں۔ شدید ٹھنڈ میں نو نہالوں کے ہاتھ سردی سے منجمد معلوم ہوتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ان کے نازک ہاتھ پینسل پکڑنے سے بھی عاری رہتے ہیں۔ یہاں حکومت پر ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ موسم سرما میں انھیں ایک اچھا موقع میسر آ تا ہے کہ یہ ان تعطیلات میں سرکاری سکولوں کی ابتری پر غورفرمائیں۔
سکولوں کی مرمت کی جائے خاص طور پر کمرہ جماعت کے ٹوٹے دروازوں اور کھڑکیوں کی مرمت ہو تاکہ نو نہال جب سکول آ ئیں تو انھیں ایک اچھا ماحول دیکھنے کو ملے۔ اس کے علاوہ والدین بچوں کی خوراک میں گرم اشیاء کا خاص استعمال رکھیں ، پالک ، گاجر، مالٹوں کا خاص سیزن ہے۔ یہی اشیاء ان کی قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنیں گی ۔ سردی سے بچائو کے لئے ڈرائی فروٹس چلغوزے، پستے، مونگ پھلیاں، اخروٹ اور کاجو کااستعمال رکھیں۔
چلغوزے اور کاجو تو اس قدر مہنگے داموں میسر ہیں کہ عام آدمی ان کی پہنچ سے کوسوں دور کھڑا دکھائی دیتا ہے مگر مونگ پھلیاں ایک سستا ترین ڈرائی فروٹ ہے جسے ہر امیر غریب شوق سے کھاتا ہے۔البتٰہ ذرا دھیان سے کیونکہ سیانے یہ کہتے ہیں کہ مو نگ پھلی کا زیادہ استعمال کھانسی کا سبب بنتا ہے۔ سال 2019 میں نو نہالوں کو ایک نئے وژن کے ساتھ اپنی منزل کا تعین کرنا ہے۔
دو ماہ بعد سالانہ امتحانات کا آ غاز ہو جائے گا جو آپ کی پچھلے سال کی تعلیمی کارکر دگی کا ثبوت ہو گا ۔ چنانچہ جن جن نو نہالوں نے امتحانات کی تیاری مکمل نہیں کی ان کے پاس ابھی بھی وقت ہے۔ زورو شور سے دل لگا کر سبق یاد کریں۔ اکثر سکولز میں ٹیسٹ سیشن کا آ غاز ہونے کو ہے۔
نو نہال نئے سال ایک سوچ پر کار بند ہو جائیں اور خود سے کچھ عہد کریں کہ اس سال ان کا کیا مقصد رہے گا۔ جھوٹ نہ بولنے ، گالی نہ دینے، پڑھائی کو ایک خا ص وقت دینے ، کسی غریب کی مدد کرنے ، خیرات کرنے کا خود سے وعدہ کر لیں اور اسی پر کا ر بند ہو جائیں تو انشاء اللہ سال کے اختتام تک آپ میں اچھے اوصاف جگہ بنا چکے ہو ں گے۔

Browse More Mutafariq Mazameen