گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی پروگرام منعقد

بدھ 15 مئی 2024 17:04

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد اور حاجرہ حمزہ فائونڈیشن کے اشتراک سے جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد کمیونٹی کو تھیلیسیمیا، اس سے بچائو اور خون کے عطیہ کی اہمیت بارے آگاہ کرنا ہے۔

پروگرام کا آغاز انگریزی ڈیپارٹمنٹ کے ایک طالب علم کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ اس موقع پر شعبہ فزکس کے طلبانے تھیلیسیمیا کے شکار افراد کو درپیش چیلنجز کی عکاسی کرتے ہوئے ایک سکٹ پرفارمنس پیش کی جس کے ذریعے تھیلیسیمیا کی جلد سکریننگ اور علاج کی اہمیت کا پیغام پہنچایا گیا۔ بعد ازاں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سائیکالوجی ڈاکٹر سعدیہ بانو نے تھیلیسیمیا کے مریضوں، دیکھ بھال کرنے والوں اور متعلقہ افراد پر نفسیاتی اثرات سے متعلق روشنی ڈالتے ہوئے پریزنٹیشن پیش کی، جس میں ماہر نفسیات کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں طلبانے پوسٹر مقابلہ میں بھی حصہ لیا۔ پروگرام میں انٹرایکٹو سیشنز کے دوران سامعین نے سوالات پوچھے۔ فائونڈیشن اور کالج کے درمیان تعاون نے شعور اجاگر کرنے اور صحت مند کمیونٹی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس عظیم مقصد میں ان کے تعاون کا اعتراف کرنےکے لئے اعزازی پرنسپل پروفیسر زہرہ جبین کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سائیکالوجی کو ان کی فکر انگیز پیشکش پر اعترافی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں