وفاقی محتسب ریجنل آفس ایبٹ آباد کی تحصیل لورہ میں کھلی کچہری

پیر 20 مئی 2024 22:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2024ء) وفاقی محتسب ریجنل آفس ایبٹ آباد نے تحصیل لورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کر کے عوام کے مسائل سنے۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر دور دراز علاقوں میں مقیم عوام کو انکی دہلیز پر فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کی غرض سے تحصیل میونسپل ہال لورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل لورہ کے میئر افتخار عباسی،تحصیل ایڈمنسٹریٹر اظہر نوید،ٹریڈ یونین کے صدر اسد اخلاق،تحصیل خطیب مفتی نادر کے علاوہ مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کھلی کچہری میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ہزارہ ڈویژن کے انچارج عبدالغفور بیگ کو عوام کی جانب سے وفاقی اور صوبائی محکموں کے خلاف کثیر تعداد میں شکایات پیش کی گئیں جن میں سے بعض شکایات کو موقع پر ہی حل کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو احکامات صادر کیے گئے جب کہ دیگر شکایات کو قابل سماعت سمجھتے ہوئے منظور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبدالغفور بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سائلین کو بروقت انصاف فراہم کرنا وفاقی محتسب کے ادارے کا نصب العین ہے،گھر گھر انصاف فراہم کرنے کے عزم کے سلسلے میں ہزارہ کے دور دراز کے علاقوں میں کھلی کچہریاں لگائی جا رہی ہیں جہاں عوام وفاقی اور صوبائی محکموں میں بد انتظامیوں کے خلاف شکایات درج کرواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سائلین کی شکایات کے فوری ازالے کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جاتی اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پہ حل کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں