گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں جاری کرکٹ سپورٹس گالا میں فزکس لیجنڈز مدمقابل اردو شاہینز کو 23 رنز سے شکست دیکر چیمپئن بن گیا

پیر 18 دسمبر 2023 21:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2023ء) گورنمنٹ کالج بالاکوٹ میں جاری کرکٹ سپورٹس گالا میں فزکس لیجنڈز اپنے مدمقابل اردو شاہینز کو 23 رنز سے شکست دیکر چیمپئن بن گیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات اور گرائونڈ میں موجود دیگر شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ قابل تعریف و دیدنی تھا۔ دونوں ٹیمیں پوری تیاری اور جیت کا عزم لئے میدان معرکہ آرائی میں اپنے اپنے کوچز کی نگرانی میں اتریں۔

اردو شاہین نے ٹاس جیت کر فزکس لیجنڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ فزکس لیجنڈز نے بلے بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ دوسری جانب اردو شاہینز کی باﺅلنگ بھی شاندار رہی۔ مقررہ اوورز میں فزکس لیجنڈز نے 134 رنز سکور کر کے مد مقابل ٹیم کو 135 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ جواب میں اردو شاہین نے بھرپور پنجہ آزمائی کے جوہر دکھائے اور آخری اوور تک میچ میں سنسنی، تجسس اور رسہ کشی کا ماحول دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

آخری اوور میں عبداﷲ کی شاندار بالنگ نے میچ کا رخ موڑ دیا اور یوں اردو شاہینز کی ٹیم 112 رنز بنا سکی۔ فزکس لیجنڈز نے 23 رنز سے یہ فائنل میچ جیت کر چیمپئن ہونے کا اعزاز برقرار رکھا۔ فائنل میچ اور تقریب انعامات و اعزازات کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ میڈم بشارت شاہ تھیں۔ دوسرے مہمان گورنمنٹ ڈگری کالج لساں نواب کے پروفیسر عبد الرزاق عادل تھے۔

تقریب میں نظامت کے فرائض پروفیسر مفتی محمد فیصل نے نبھاتے ہوئے مہمان خصوصی کو پرنسپل کی طرف سے اٹھائے گئے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کے متعلق بریفنگ دی۔ پرنسپل سید عبدالواجد شاہ نے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی نے پرنسپل کی کارکردگی اور کالج کی تعلیمی و تنظیمی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور وعدہ کیا کہ وہ بحیثیت تحصیل ایڈمنسٹریٹر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے کالج گراﺅنڈ کی لیولنگ کرانے اور خوبصورت بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔

بعد ازاں مہمان خصوصی اور مہمان اعزاز نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کے مابین ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ آخر میں پرنسپل گورنمنٹ کالج بالاکوٹ پروفیسر سید عبدالواجد شاہ نے معزز مہمانان کو اعزازی شیلڈز سے نوازا۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں