وومن انڈسٹریل ہوم زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے زیر اہتمام دو روزہ فن خطاطی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 24 مئی 2024 22:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) وومن انڈسٹریل ہوم زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے زیر اہتمام دو روزہ فن خطاطی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، 35سے زائد طلبہ کو اس عظیم فن سے روشناس کروانے کیلئے تربیت کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فن خطاطی مسلمانوں کا عظیم ورثہ ہے جس کی طرف طلبہ کو راغب کرنے کیلئے شعوری کاوشیں عمل میں لانا ہونگی تاکہ وہ اس فن پر عبور حاصل کرکے دنیا میں اپنا منفرد مقام قائم رکھ سکیں۔

ورکشاپ کی صدارت ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ہوم سائنسز ڈاکٹر بینش اسرار نے کی جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ ریاض اور ڈاکٹر صدف اقبال خاں نے بھی خطاب کیاجبکہ ورکشاپ کے ریسورس پرسن یونیورسٹی آرٹسٹ محمد آصف اور فائن آرٹ کی ٹیچر زیبا شہزادی تھے۔

(جاری ہے)

۔ڈاکٹر بینش اسرار نے کہا کہ خطاطی دنیا بھر کی فن تعمیر میں عمارت کی تزین و آرائش کے حوالے سے خصوصی مقبولیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی طلبہ کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی طبیعت سے مطابقت رکھنے والے ہنر میں آگے بڑھتے ہوئے کامیابیوں و کامرانیوں سے ہمکنار ہو سکیں۔ڈاکٹر عائشہ ریاض نے کہا کہ قدرت نے پاکستانی قوم کو زرخیز اذہان و قلوب سے منور کیا ہے ۔ڈاکٹر صدف اقبال نے کہا کہ مسلمان فن خطاطی کی ترویج اور جدت کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتے ہیں اور یہ فن انہیں کی مرہون منت ترقی کی منازل طے کر تے ہوئے فروغ پا رہا ہے۔

محمد آصف نے کہا کہ پہلی وحی کا آغاز ہی قلم کی حرمت سے ہوا تھا اور قلم کو انسان کی سماجی معاشی اور عائلی زندگی کی ترقی میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔فن خطاطی اس سے منسلک افراد میں عوامل کو باریک بینی سے دیکھنے کا زاویہ پیدا کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں